تھائی لینڈکے 4مسلم اکثریتی صوبے

تھائی لینڈکے 4مسلم اکثریتی صوبے

تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کےسینٹر میں واقع ہے، جس کی سرحد مشرق میں لاؤس اور کمبوڈیا سے ملتی ہیں۔ جنوب میں خلیج تھائی لینڈ اور ملائیشیا؛ مغرب میں بحیرہ انڈمان اور میانمار؛ اور شمال میں لاؤس واقع ہے۔ یہ 513,120 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ 2019 میں تھائی لینڈ کی کل آبادی تقریباً 66.6 ملین تھی۔ آبادی کی اکثریت بدھ مت کے پیروکاروں کی ہے، اس کے بعد مسلمان اور عیسائی ہیں۔اس ملک میں 7.5ملین مسلمان رہتے ہیں۔کہا جاتاہے کہ مسلم تاجر برادری 9ویں صدی کے اوائل میں تھائی لینڈ میں مقیم تھی۔ تھائی لینڈ کی مسلم آبادی کئی نسلی گروہوں پر مشتمل ہے جن میں چین، پاکستان، کمبوڈیا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، اور انڈونیشیا سے ہجرت کر کے آئے مسلمان بھی شامل ہیں، نیز تھائی نسل دو تہائی مسلمان اکثریت میں  ہیں۔مسلمان یہاں کی دوسری بڑی آبادی ہیں جوکہ کل آبادی کا پانچ فیصد ہیں۔لیکن یہاں کچھ صوبے ایسے بھی ہیں جہاں مسلمان نہ صرف تعداد میں زیادہ ہیں بلکہ اکثریت میں ہیں۔آج کی اس ویڈیو میں ہم بات کرنے والے ہیں تھائی لینڈ کے چار صوبوں کے بارے میں جہاں مسلمان اکثریت مین رہتے ہیں۔

4۔یالا

یالا صوبہ جنوبی تھائی لینڈ میں ہے۔ اس صوبے کا کل رقبہ چار ہزار پانچ سو اکیس مربع کلومیٹر ہے۔اس صوبے کے دارلحکومت کا نام بھی یالا ہی ہے۔یالا تھائی لینڈ کا سب سے جنوبی صوبہ ہے۔ پڑوسی صوبے سونگ کھلا، پٹانی اور ناراتھیوات ہیں۔ یالا جنوبی تھائی لینڈ کے دو لینڈ لاک صوبوں میں سے ایک ہے۔تاریخی طور پر، پٹانی صوبہ سلطانی پٹانی کا مرکز تھا، جو ایک نیم آزاد مالائی مملکت تھی جو سکھوتھائی اور ایوتھایا کی تھائی سلطنتوں کو خراج دیا کرتی تھی ۔یہاں کی کل آبادی 2019کی مردم شماری کے مطابق5لاکھ 40ہزار کے قریب ہے۔ مسلم اکثریت کے ساتھ تھائی لینڈ کے چار صوبوں میں سے ایک ہے۔ اس صوبے میں تقریبا چارلاکھ مسلمان رہتے ہیں۔تقریباً 72 فیصد لوگ مالے بولنے والے مسلمان ہیں ۔

3۔ساتون

یہ بھی تھائی لینڈ کا ایک مسلم اکثریتی صوبہ ہے۔یہ صوبہ انڈمان کے ساحل پر واقع ہے۔ اسکا کل رقبہ 2479مربع کلومیٹرہے۔یہاں کثرت سے جنگلات پائے جاتے ہیں۔جنگلات  کا کل رقبہ 1,212 مربع کلومیٹر ہے۔1916 تک ساتون ایک چھوٹی مالائی ریاست تھی جسے ریاست سیٹول ممبنگ سیگارا کے نام سے جانا جاتا تھا۔تھائی لینڈ کے اس صوبے میں پانچ سو سے زیادہ مسجدیں ہیں۔ یہاں کی کل آبادی سوا تین لاکھ کے قریب ہے۔ساتون تھائی لینڈ کے ان چار صوبوں میں سے ایک ہے جس میں مسلم اکثریت ہے۔یہاں کی ڈھائی لاکھ آبدی مسلمانوں پر مشتمل ہےجوکہ کل آبادی کا77فیصد بنتی ہے۔

2۔ناراتھیوات

Narathiwat صوبہ تھائی لینڈ کی خلیج پر، جزیرہ نما مالائی میں واقع ہے۔ اس صوبے کا کل رقبہ 4,475 مربع کلومیٹر ہے۔تھائی لینڈ کے دوسرے صوبوں کی طرح یہاں بھی جنگلات کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ جنگلات کا کل رقبہ 1,196مربع  کلومیٹر ہےجوکل صوبائی رقبہ کا 26.6 فیصد ہے۔تاریخی طور پر، ناراتھیواٹ پتانی نام  کی نیم آزاد مالائی سلطنت کا حصہ تھا، جو تھائی سلطنتوں کو خراج پیش کرتی تھی۔ تھائی ناراتھیوات تھائی لینڈکے ان صوبوں میں سے ایک ہے جن کی اکثریت مسلم آبادی پرمشتمل ہے ۔ ناراتھیوات کی کل آبادی ۸ لاکھ سے زیادہ ہےجس میں ساڑے چھ لاکھ مسلمان ہیں۔اس صوبے کا 82فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔

1۔صوبہ پٹانی

پٹانی جزیرہ نما مالے پر ہے جس کے شمال میں خلیج تھائی لینڈ کا ساحل ہے۔ جنوب میں سنکالاکھیری پہاڑی سلسلے ہیں۔اس صوبے کا کل رقبہ 1,940مربع کلومیٹر ہے ۔باقی تھائی لینڈ کی طرح یہاں بھی جنگلات پائے جاتے ہیں۔ جنگل کا کل رقبہ 110 مربع کلومیٹر ہے جوصوبائی رقبہ کا 5.6 فیصد بنتاہے۔ تاریخی طور پر، پٹانی صوبہ پٹانی مالائی سلطنت کا مرکز تھا۔ پٹانی میں اسلام کی آمدکب ہوئی اس  پر ابھی تک مورخین میں بحث ہے۔ لیکن اس بات پر اتفاق ہے سلطان ملک الصالح، 1297 عیسوی میں مسلمان ہونے والا پہلا بادشاہ تھا۔پٹانی صوبے میں کل بارہ ڈسٹرکٹ ہیں۔صوبے کی کل آبادی 718,077ہے۔یہاں سوا چھ لاکھ سے بھی زیادہ مسلمان آباد ہیں۔مسلمانوں کی آبادی تقریباً 88 فیصد ہے۔